کراچی (نیوز ڈیسک)برطانیہ اور چین کاتعلقات کے نئے دور کا آغاز، اسٹارمر دورے پر ویزا قواعد میں نرمی اور سرمایہ کاری اعلان، برطانوی وزیر اعظم اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات میں مارکیٹ رسائی، ٹیکسز اور 15ارب ڈالر سرمایہ کاری پرگفتگوہوئی اور انسانی اسمگلنگ روکنے پر اتفاق کیا گیا۔ اقتصادی، تجارتی اور سیکورٹی تعاون کو فروغ دینے کا عہد،بیجنگ نے برطانوی شہریوں کو30دن تک بغیر ویزا سفر کی اجازت دیدی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ میں برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے دورے کے دوران برطانیہ اور چین نے تعلقات میں نئے دور کا آغاز کیا، جس میں اقتصادی، تجارتی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کا عہد کیا گیا۔ چین نے برطانوی شہریوں کے لیے 30 دن تک ویزا فری سفر کی اجازت دی، جسے اسٹارمر نے کاروباری مواقع بڑھانے اور برطانوی خدماتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک کامیابی قرار دیا۔ ملاقات میں اسٹارمر نے 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والی برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا کا خیرمقدم کیا اور غیر قانونی تارکین وطن کی اسمگلنگ روکنے کے لیے چین کے تعاون کا اعلان کیا۔