کراچی( اسٹاف رپورٹر )کراچی میں ٹھٹھہ کے جوڑے کا کراچی میں قتل،بھینس کالونی میں گزشتہ شب غیرت کے نام پر میاں بیوی کو قتل کرنے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،واقعہ کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب سکھن کی حدود بھینس کالونی انصاف کانٹا کے قریب فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے میاں بیوی صائمہ اور سدھیر کو قتل کر دیا تھا ،فائرنگ سے ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا ۔پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کی شناخت دیدار اور علی حیدر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ملزم دیدار مقتولہ صائمہ کا باپ ہے اور اس نے غیرت کے نام پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مقتولین کو قتل کیا۔مقتول کے بھائی سلطان نے بتایا کہ اس کے بھائی سدھیر نے صائمہ سے دو ماہ قبل کورٹ میرج کی تھی۔سدھیر اور صائمہ سجاول ٹھٹھہ میں ایک ہی محلے میں رہتے تھے۔