• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ایف آئی اے سرکلز کی سیکورٹی پر شدید خطرات لاحق ہوگئے

کراچی (اسد ابن حسن) وزارتِ داخلہ کے ناقابل فہم فیصلے کے مطابق کراچی کے مختلف سرکلز میں تعینات فرنٹیئر کانسٹیبلری جواب فیڈرل کانسٹیبلری ہے کو فوری طور پر واپس بلا لیا گیا ہے۔ کانسٹیبلری کے جوان ان سرکلز کی 24گھنٹے حفاظت پر تعینات رہتے تھے۔ اس اچانک سیکیورٹی سے ہٹائے جانے کے بعد ان سرکلز پر سیکورٹی کے شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ ان خطرات کے تناظر میں ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام اور دیگر محکموں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ سرکلز میں حساس نوعیت کے کیسز کی تفتیش بھی ہوتی ہیں جبکہ ان کے مال خانوں میں لاکھوں اور کروڑوں کی کیس پراپرٹیز موجود رہتی ہیں۔ ایف آئی اے کے پاس اس حوالے سے نہ تو اپنی نفری موجود ہے اور اگر کسی کانسٹیبل کو تعینات بھی کر دیا جائے تو اس کی کوئی ٹریننگ ہے اور نہ ہی وہ اس قابل ہے کہ وہ حفاظت کر سکے۔ صدر میں واقع سیکرٹیریٹ میں اینٹی کرپشن سرکل، کارپوریٹ کرائم سرکل، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اور کمرشل بینک سرکلز موجود ہیں جہاں سے یہ نفری ہٹا دی گئی ہے۔ صرف گلستان جوہر میں واقع عمارت جس میں اینٹی منی لانڈرنگ سرکل، سائبر کرائم سرکل اور کاؤنٹر ٹیررازم سرکل ایک ہی جگہ واقع ہیں وہاں ابھی بھی فیڈرل کانسٹیبلری موجود ہے۔ اعلیٰ حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ فوری طور پر ان سرکلز کی دوبارہ سے سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے جائیں۔
اہم خبریں سے مزید