پشاور(ارشد عزیز ملک )پاکستان تحریک انصاف پشاور کے صدر عرفان سلیم نے پشاور میں ترقیاتی فنڈز میں بڑے پیمانے پر مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سابقہ اور موجودہ حکومت میں بلدیاتی نمائندوں کو ایک روپے کا بھی فنڈ نہیں لیکن ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے اربوں کے فنڈز ہڑپ کرلئے ہیں انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر ایک ارب ستر کروڑ روپے بغیر کسی ٹینڈر، این آئی ٹی ایس اور کیپرا کی منظوری کے بغیر جاری کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ٹھیکیدار پشاور پر راج کر رہے ہیں اور یہ معلوم نہیں ہو رہا کہ فنڈز کہاں جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات مینا خان نے کہا ہے کہ اگر عرفان سلیم کے پاس کوئی ثبوت موجود ہیں تو وہ جمع کروائیں تاکہ اس پر کارروائی کی جا سکے کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے روزنامہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے عرفان سلیم نے کہا کہ ایم پی ایز کو ملنے والے فنڈز ڈی سی آفس کے ذریعے مختلف اسکیموں پر لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، اس کے باوجود ایک ارب ستر کروڑ روپے جاری ہوئے۔