کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارت کا بائیکاٹ کرنے سے پاکستان پر کوئی پابندی نہیں لگ سکتی۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ آئی سی سی اس مسئلے سے نمٹنے کے بجائے صرف ایک تماشائی بن کر کھڑی رہی اور کھیل میں سیاست کو شامل کرنے کا دروازہ کھلا چھوڑا ہے ۔ ان کا پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے پر کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم حکومتی ہدایات پر عمل کرتی ہے تو اس پر کوئی پابندی نہیں لگ سکتی۔ بھارت نے بھی اپنی حکومت کی ہدایات پر چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں کھیلنے سے انکار کیا تھا، اب پاکستان پر پابندی لگا کر دہرا معیار نہیں اپنایا جا سکتا۔