• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدے پر دستخط

برسلز (جنگ نیوز) پاکستان اور یورپی یونین (EU) کے درمیان منگل کے روز 'ٹیرف ریٹ کوٹہ (TRQ) کی تقسیم کا ایک اہم اور تاریخی معاہدہ پر دستخط ہوگئے۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج (Brexit) کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستانی مصنوعات، بالخصوص چاول اور زرعی اشیاء کے لیے تجارتی تسلسل اور قانونی یقینی کو برقرار رکھنا ہے۔یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور یورپی یونین کے نمائندوں نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانے نے تقریب کی تفصیلات جاری کردیں۔سفیر رحیم حیات قریشی نےتقر یب سے خطاب کرتے اس معاہدے کو پاکستان اور یورپی یونین کے معاشی تعلقات میں ایک بڑا سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ:"یہ معاہدہ دونوں فریقین کے درمیان تکنیکی تعاون کو مستحکم کرنے اور معاشی روابط کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ کثیر جہتی تجارت (Multilateralism) اور عالمی قوانین پر مبنی تجارتی نظام کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔"پاکستانی معیشت پر اثرات ذرائع کا کہنا ہے کہ بریکسٹ کے بعد کوٹہ سسٹم کی تقسیم کے حوالے سے جو ابہام موجود تھا، اس معاہدے نے اسے ختم کر دیا ہے۔ اب پاکستانی برآمد کنندگان کو یورپی منڈیوں میں اپنے مخصوص کوٹے کے تحت مال بھیجنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔ ماہرین کے مطابق اس سے نہ صرف چاول کی برآمدات بڑھے گی بلکہ جی ایس پی پلس (GSP+) اسٹیٹس کے تحت ملنے والی مراعات کا بھرپور فائدہ اٹھانے میں بھی مدد ملے گی۔معاہدے کے تحت پاکستان کو اب یورپی یونین کی مارکیٹ میں برآمدات کے لیے زیادہ بہتر، شفاف اور پائیدار ماحول میسر ہوگا، جو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کا باعث بنے گا۔
اہم خبریں سے مزید