اسلام آباد(نیو زرپورٹر) پاکستان اور قازقستان نے تجارت اور اقتصادی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کیلئے 5 سالہ روڈ میپ اورآئندہ 2 سال میں تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، صحت،کھیل، ریلوے، ماحولیاتی تبدیلی اورمصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے 37 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے، جبکہ پاکستان سے روس تک ٹرانسپورٹ کوریڈور بنے گا، قازقستان کے صدر نے کہا کہ دفاعی شعبے میں پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے، خطے میں امن و استحکام کےلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وسط ایشیائی ریاستوں کو بندرگاہوں تک رسائی دے سکتے ہیں، اسٹرٹیجک شراکت داری معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل، ریل اور روڈ منصوبہ گیم چینجر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی،تعلیم،صحت، کھیل، ریلوے، ماحولیاتی تبدیلی اورمصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے 37 مفاہمتی یادداشتوں اورمعاہدوں پر دستخط کردیئے گئے ، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے بہت مواقع ہیں، ایک سال میں دو طرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے، مشترکہ کوششوں سے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے اہداف حاصل کرینگے، اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دونوں ممالک غزہ بورڈ آف پیس کے بھی رکن ہیں، دعاگو ہیں کہ غزہ میں مستقل امن اور خوشحالی آئے جبکہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ پاکستان قازقستان کا قابل اعتماد دوست او ر اسٹرٹیجک شراکت دار ہے، دونو ں ممالک کےدرمیان تجارت و معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے، ایک ارب ڈالر کا تجارتی ہدف حاصل کرنے کیلئے ملکر آگے بڑھیں گے،دفاع کے شعبے میں بھی پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستانی سرمایہ کاروں کوکاروبار کیلئے پرکشش مواقع فراہم کرینگے۔ بدھ کووزیراعظم ہائوس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کے تبادلوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قازقستان کےصدر قاسم جومارت توکایووف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدرقاسم جومارت توکایووف نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری کے قیام کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے ۔ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے مجموعی طور پر 37مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے جبکہ 19 دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ صدر قاسم جومارت توکایووف کے ساتھ تعمیری اور مثبت گفتگو ہوئی۔