اسلام آباد(محمد صالح ظافر) امریکی قائم مقام سفیر نٹالی بیکرکی لاہور آمد، جشن بسنت میں شرکت، نٹالی بیکر کا کہنا تھا امریکا کی 250 ویں سالگرہ پر بسنت میں لاہور میں موجودہونا ہماری مضبوط شراکت داری کو اجاگر کرتی ہے۔ دوسری جانب بسنت کا جشن منانے کے لیےکئی سفیروں، ہائی کمشنرز اور سفارت کاروں کے اہلخانہ بھی لاہور پہنچ رہے ہیں ۔ امریکہ کی قائم مقام سفیر نٹالی اے بیکر لاہور پہنچ گئی ہیں تاکہ لاہور کے شہریوں کے ساتھ بسنت کے تہوار کا جشن منائیں۔ انہوں نے جمعرات کی شام پنجاب کے دارالحکومت سے دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ میں کئی سال بعد بسنت کی پہلی تقریب میں لاہور میں شریک ہو کر خوش ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اسے کمیونٹی کو قریب لانے والی گہری ثقافتی روایات کی خوشگوار یاد دہانی قرار دیا۔نٹالی اے بیکر نے یاد دلایا کہ امریکہ اپنی آزادی کی 250 ویں سالگرہ کے قریب پہنچ رہا ہے، ہم نہ صرف اپنی تاریخ کا جشن مناتے ہیں بلکہ ایسے دیرپا تعلقات کو بھی مناتے ہیں جو امریکہ اور پاکستان کے مضبوط شراکت داری کی نمائندگی کرتے ہیں۔ سفارتکار نے کہا کہ سالِ امریکہ کی 250 ویں سالگرہ کے دوران بسنت کے موقع پر لاہور میں موجود ہونا امریکی پاکستانی شراکت داری کی مضبوطی اور مواقع، خوشحالی، اور ثقافتی تبادلے کے ہمارے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاہمارے دونوں ممالک تعاون کو مزید گہرا کرتے رہتے ہیں جو امریکیوں اور پاکستانیوں دونوں کے لیے فائدہ مند ہے، اور میں اس خاص موقع کو ساتھ منانے پر فخر محسوس کرتی ہوں۔