• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسپوزیبل طبی سامان کی گمشدگی کی انکوائری کا آغاز کردیا، پی آئی سی انتظامیہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) نے طبی سامان کی مبینہ گمشدگی سے متعلق میڈیا اور سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ ادارے کی انتظامیہ نے ذمہ داری اور شفافیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملے کا ازخود نوٹس لیا اور اس معاملے کو خود میڈیا کے ذریعے اجاگر کیا۔ اس ضمن میں قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے پولیس میں ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی۔ ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران اسٹور میں بعض ڈسپوزیبل طبی سامان کی کمی کی نشاندہی ہوئی، جس پر ہسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر انٹرنل انکوائری کا آغاز کیا۔ شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ اسٹاف کے خلاف ضابطہ کار کے مطابق انتظامی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔پی آئی سی کے بیان میں ادارے نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں اس معاملے کو مکمل حقائق کے برعکس پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پی آئی سی نے خود معاملے کو سامنے لا کر احتساب اور شفافیت کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک اعلیٰ معیار کا خصوصی طبی ادارہ ہے جہاں مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انتظامیہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور مستقبل میں نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ضروری اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔
پشاور سے مزید