لندن( جنگ نیوز)ایم کیوایم انٹر نیشنل رابطہ کمیٹی کے کنوینرمصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاہے کہ حقوق کی تحریکیں باہر کے دشمنوں کے حملوں سے نہیں بلکہ تحریک کی صفوں میں شامل افراد کی غداریوں کی وجہ سے تباہ ہوتی ہیں اورحقوق سے محروم قومیں غلام بن جاتی ہیں۔انہوں نے یہ بات ایم کیوایم برطانیہ کے جنرل ورکرز اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان میں آباد دیگرقوموں کی ایک شناخت اور ایک نام ہے اسی طرح سے مہاجر بھی ایک وجوداورایک شناخت رکھتے ہیں، یہ شناخت ایک حقیقت ہے اور کسی کے تسلیم نہ کرنے سے یہ حقیقت نہ بدل سکتی ہے اورنہ ہی ختم ہوسکتی ہے۔