کراچی (جنگ نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے ملکی معیشت کی بحالی پراعتمادکا اظہار کرتے ہوئے اور آئی ایم ایف کی جی ڈی پی کے حوالے سے پیشگوئیوں سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت رواں مالی سال میں 4.75 فیصد تک ترقی کر سکتی ہے، جو کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی حالیہ کم اندازے سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں کمی عالمی قیمتوں میں کمی اور سرحدی مسائل کی وجہ سے ہوئی، نہ کہ ملکی پیداوار میں کمی کے باعث،ن کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مجموعی قومی پیداوار کے ایک فیصد کے اندر رہے گا، کیونکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر تجارتی خسارے کو متوازن کر رہی ہیں۔ عید کے موقع پر مزید زرِ مبادلہ آنے کی توقع بھی ہے۔ اسٹیٹ بنک مارکیٹ سے مسلسل ڈالر خرید رہا ہے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کیا جا سکےبرطانوی خبررساں ایجنسی کو تحریری جواب میں گورنر نے کہا کہ معاشی بحالی صرف برآمدات کے اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ یہ تینوں بڑے شعبوں میں پھیلی ہوئی ہے۔