اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان نے ملک گیر سطح پر ’’وزیراعظم فین ری پلیسمنٹ پروگرام‘‘ (پنکھوں کی تبدیلی کا پروگرام) کا آغاز کر دیا۔ اس منصوبے کا مقصد ایک سال کے اندر 10 لاکھ سے زائد غیر فعال اور پرانے بجلی کے پنکھوں کو تبدیل کرنا ہے، جس سے بالآخر بجلی کی طلب میں 5 ہزار میگاواٹ تک کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ حکام نے اسے ملک کی توانائی بچت کی سب سے بڑی اور پرجوش مہمات میں سے ایک قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اس پروگرام کا افتتاح کیا، جسے صارفین کو بجلی کے بلوں میں سالانہ 12 ہزار روپے فی پنکھا تک ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے صارفین کو پرانے پنکھوں کی جگہ اعلیٰ کارکردگی والے اور نیکا کے تصدیق شدہ ماڈلز پر منتقل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا ہدف رہائشی اور تجارتی (گھریلو اور کاروباری) دونوں طرح کے صارفین ہیں، اور اس پر عملدرآمد پاور ڈویژن، نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی(نیکا) کے اشتراک سے کر رہا ہے۔