کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت انہیں عارضی طور پر پارکنگ پلازہ، نیو جامع مارکیٹ اور کورنگی روڈ پر واقع رائل مارکیٹ میں متبادل جگہ فراہم کریگی، جبکہ نقصانات کا مکمل معاوضہ بھی ادا کیا جائیگا۔ یہ یقین دہانی انھوں نے گذشتہ روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) میں قائم تصدیقی کاؤنٹرز کے دورہ کے موقع پر کرائی جہاں انہوں نے گل پلازہ سانحے سے متاثرہ تاجروں سے ملاقات کی اور نقصانات کی تصدیق کے عمل کا جائزہ لیا اور متاثرہ تاجروں کی مکمل بحالی کا اعلان کیا۔علاوہ ازیںوزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے پولیس ٹریننگ سعید آباد میں پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی سے چھٹکارا مل گیا، کچے کے ڈاکوئوں کا بھی خاتمہ کرینگے، سندھ پولیس کے بہادر افسران و جوانوں کی وجہ سےامن قائم ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے کے سی سی آئی کے رہنماؤں زبیر موتی والا اور جاوید بلوانی سے ملاقات کی۔ اس دوران گل پلازہ سے متاثرہ دکانداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو قائم کردہ کاؤنٹرز پر اپنے نقصانات، دکانوں کی ملکیت یا کرایہ داری اور سامان کے نقصان سے متعلق دعوؤں کی تصدیق کروا رہے تھے۔ خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت سانحے کے 62 شہداء کے 45 خاندانوں کو فی خاندان ایک کروڑ روپے ادا کر چکی ہے۔ قبل ازیں پولیس کی 131 ویں ریکروٹمنٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں ہفتے کو منعقد کی گئی ، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 889 اہلکاروں نے آرپی سی کلیئر کیا ، تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج میں آمد پر مائونٹیڈ پولیس ، گھڑ سوار اہلکاروں نے وزیراعلیٰ سندھ کو اسکاف دیکر کالج تک پہنچایا ۔