راولپنڈی (جنگ نیوز) میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، امریکہ، جرمنی، برازیل اور لبنان کے حکام سے تفصیلی بات چیت، علاقائی و عالمی سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔ فیلڈ مارشل، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر اہم ملاقاتیں کی۔ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے متعدد عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔