• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الشفا آئی اسپتال نے عمران خان کیلئے 10 کمرے مختص کردیے

اسلام آباد(صالح ظافر)راولپنڈی میں اڈیالہ جیل سے محض 15منٹ کے فاصلے پر موجود الشفاآئی اسپتا ل نے تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے لیے اپنے کمپاؤنڈ میں دس کمرے مختص کر دیے ہیں، جہاں انہیں آنکھوں کے علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے منتقل کیا جا رہا ہے۔الشفا آئی ٹرسٹ ہسپتال کے صدر جنرل رحمت خان نے ہفتے کی شب دی نیوز/جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دس خصوصی کمرے، جو کم عمر مریضوں کے لیے مختص تھے اور حال ہی میں انتظامی بلاک میں تعمیر کیے گئے ہیں، اب اس مقصد کے لیے استعمال ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ مریض کو اس کے کمرے سے ایک خصوصی راستے کے ذریعے براہِ راست آپریشن تھیٹر تک منتقل کیا جا سکے گا۔ وِٹریو-ریٹینا ڈیپارٹمنٹ کو بھی مریض کے علاج کے حوالے سے الرٹ کر دیا گیا ہے، جہاں ریٹینا سے متعلق پیچیدہ بیماریوں کا خصوصی علاج کیا جاتا ہے، جن میں میکیولر ڈی جنریشن، ذیابیطس سے متاثرہ آنکھوں کی بیماری، عمر سے متعلق میکیولر امراض، پیچیدہ ریٹینا ڈیٹچمنٹ، ریٹینل ویزکیولر بیماریاں اور آنکھ کے پچھلے حصے کی چوٹیں شامل ہیں۔جنرل رحمت خان کے مطابق، اس شعبے کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی کو ایشیا کے بہترین ماہرین میں شمار کیا جاتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید