ڈھاکا (اے ایف پی، جنگ نیوز)بنگلہ دیش میں حلف برداری کی تیاریاں ، متوقع وزیراعظم طارق رحمان آئندہ ہفتے حلف اٹھائیں گے ،طارق رحمان اپنی کابینہ کو انتہائی مختصررکھیں گے، چیف ایڈوائزر محمد یونس کے پریس سیکرٹری شفیق الاسلام نے کہا ہے کہ نومنتخب ارکان پارلیمنٹ 16یا 17فروری کو حلف اٹھالیں گے،پاکستان اور بھارت سمیت سارک ممالک اورمشرق وسطیٰ کے کئی ممالک کے سربراہان مملکت کو حلف برداری میں شرکت کی دعوت دینے کی تیاریاں ، بنگلہ دیش کے متوقع وزیر اعظم طارق رحمان نےکہا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کی فتح کو جمہوریت کیلئےقربانیاں دینے والوں کے نام کرتے ہیں ،انہوں نے قوم سے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل بھی کی، جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان نے کہا ہے کہ وہ انتخابی نتائج اور اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہیں ، جماعت اسلامی اپوزیشن کا رول سنبھالے گی۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سربراہ، 60 سالہ طارق رحمان ملک کی قیادت سنبھالنے کیلئے تیار ہیں۔ ووٹنگ کے بعد اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ جیت بنگلہ دیش کی ہے، یہ جیت جمہوریت کی ہے۔ یہ جیت ان لوگوں کی ہے جو جمہوریت کی خواہش رکھتے ہیں اور جنہوں نے اس کے لیے قربانیاں دی ہیں۔