کراچی (جنگ نیوز)اخبارات کے وا جبات کی ادائیگی کی منظوری پر اے پی این ایس کا اظہار مسرت،مشیر خزانہ نے اخباری صنعت کیلئے 80 کروڑ روپے کی ادائیگی کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اے پی این ایس نے مزمل حیات ایڈوائزر فنانس خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کی منظوری دینے پر مسرت اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔ اے پی این ایس کی خیبر پختونخوا کمیٹی کے چیئرمین پیر ہارون شاہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کی زیر صدارت 04 فروری کو طلب کردہ اجلاس میں شرکت کی، جس میں سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر بختیار خان، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات عمران خان، ایڈیشنل سیکریٹری، اطلاعات حضرت علی کے علاوہ صوبے کے مختلف محکموں کے سیکریٹریز اور ایڈیشنل سیکریٹریز بھی شریک ہوئے۔سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر بختیار خان نے مشیر خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ مختلف سرکاری محکموں کے ذمے اخبارات کے واجبات کی مد میں ایک ارب 55 کروڑ روپے بقایا ہیں، جن میں سے 80 کروڑ روپے کی ریکنسیلی ایشن مکمل ہوچکی ہے جبکہ تقریباً 77 کروڑ روپے کی ریکنسیلی ایشن کا عمل جاری ہے۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اخباری صنعت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے 80 کروڑ روپے کی ادائیگی کی منظوری دے دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 40 کروڑ روپے فوری طور پر جاری کئے جائیں جبکہ باقی 40 کروڑ روپے آئندہ جون میں بجٹ کے ساتھ ادا کیے جائیں گے۔