کراچی (رفیق مانگٹ) بنگلہ دیش میں نئی حکومت کی حلف برداری، 13ممالک کے رہنما مدعو، مودی بھی شامل، طارق رحمان وزیرِاعظم بننے کو تیار، ڈھاکہ میں 17فروری کو تقریب، پاکستان، چین، سعودی عرب مدعو، ترکیہ، بھارت، عرب امارات، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا، نیپال، مالدیپ اور بھوٹان کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ بنگلہ دیش میں 2026 کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی حکومت منگل کو حلف اٹھائے گی۔ عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے تقریب میں شرکت کے لیے 13 ممالک کے رہنماؤں کو مدعو کیا ہے، جن میں بھارت بھی شامل ہے، جبکہ پارٹی چیئرمین طارق رحمان وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے جا رہے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو ڈھاکہ میں قومی پارلیمنٹ کے ساؤتھ پلازہ میں منعقد ہوگی۔ مدعو کیے گئے ممالک میں بھارت، چین، سعودی عرب، ترکیہ، پاکستان، متحدہ عرب امارات، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا، نیپال، مالدیپ اور بھوٹان شامل ہیں۔ 300 رکنی پارلیمنٹ میں حکومت سازی کے لیے 151 نشستیں درکار تھیں، تاہم بی این پی نے واضح اکثریت حاصل کی۔ بی این پی رہنما اے این ایم احسان الحق میلان نے قبل ازیں کہا تھا کہ وزیرِاعظم نریندر مودی کو مدعو کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے پارٹی کی خارجہ پالیسی کو سب سے دوستی، کسی سے دشمنی نہیں کے اصول پر مبنی قرار دیا۔