راولپنڈی (اے پی پی)آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی سلامتی کا لازمی جزو ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے یو اے ای کے نائب حکمران اور مشیر قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید النہیان کی ابو ظبی میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی تعاون خصوصا معیشت، سرمایہ کاری اور سلامتی امور پر گفتگو کی گئی اور دونوں رہنمائوں نے خطے کی صورتحال، امن و سلامتی کے فروغ کیلئے مسلسل رابطوں پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا مظہر ہے۔فیلڈ مارشل نے پاکستان میں معاشی و سماجی ترقی کے فروغ میں اماراتی قیادت کے تعمیری کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات اور مضبوط تذویراتی شراکت داری ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی سلامتی کا لازمی جزو ہے۔