کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں نقب زن جیولری شاپ کی دیوار توڑ کر 606 تولا سونا اور 25 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے لے اڑے۔واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہر میں جیولری شاپ میں نقب زنی کی بڑی واردات سامنے آئی ہے ۔ واردات کے دوران نامعلوم نقب زن جیولری شاپ کی دیوارتوڑکر 606تولے سونا اور 25لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے لے اڑے۔واردات اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 مین روڈ میں واقع پرنس جیولرشاپ پر کی گئی۔ متاثرہ جیولر محمد ایوب خان نے واردات کا مقدمہ الزام نمبر26/41 اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کروایا ہے۔ جیولر ایوب خان نے پولیس کو بتایاکہ 12 فروری کی شب جیولری شاپ کے کاریگروں نے معمول کے مطابق جیولرشاپ بند کی تھی۔ 14 فروری کی صبح کاریگروں نے دکان کھولی تو جیولری کے متعدد باکس خالی نکلے ،کاریگروں نے نقب زنی کی واردات کی اطلاع بزریعہ فون دی جس پر میں اپنے گھر سے فوری دکان پہنچا۔ دکان کے مین گیٹ کے شٹر سےاندر جاکر دیکھا تو دکان کے عقبی حصے کی دیوار ٹوٹی ہوئی تھی۔ دکان کے اندر جیولری کا سامان چیک کیا تو کافی باکس خالی ملے ۔دکان کے پیچھے جا کردیکھا تو دکان کی دیوار ٹوٹی ہوئی تھی ۔مدعی کے مطابق ہمارا ذاتی سونے سے بنا ہوا سونے کا سامان7 ہزار 64 گرام ( 606 ) تولا جس میں کسٹمرز کا سامان بھی شامل ہے غائب تھا ،ڈائمنڈ کا مختلف سامان جو 20 سے 25 لاکھ روپے مالیت کا تھا بھی موجود نہیں تھا۔پولیس کی جانب سے مقدمہ کے اندارج کے بعد بڑی نقب زنی کی واردات کی تفتیش شروع کردی گئی ۔جیولری شاپ میں نقب زنی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں نقب زنوں کو دیوار توڑ کر جیولری شاپ میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔فوٹیج میں دبلے جسامت کے حامل نامعلوم نقب زن متعدد کوششوں کے بعد جیولری شاپ میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیولری شاپ کی عقبی جانب سے کیا گیا سوراخ پہلے چھوٹا تھا اور نقب زن نے سر کے بل جیولری شاپ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم نقب زن سراغ میں پھنس گیا۔سوراخ مزید بڑا کرکے نقب زن جیولری شاپ میں پیروں کی جانب سے داخل ہوا، واردات میں ملوث نقب زن نے چہرے میں کپڑا لپیٹ کر چہرا چھپایا ہوا ہے۔ جیولری شاپ میں داخل ہوتے ہی ملزم نے کیمرے پر کپڑا لگایا۔ نقب زن کو علم تھا کہ کس طرف کیمرہ لگا ہوا ہے ۔نقب زن نے وقت ضائع کیے بغیر پہلے کیمرے کو کور کیا۔وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اقبال مارکیٹ ضلع غربی میں جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعہ کی فوری اور مفصل رپورٹ طلب کرلی۔