ملتان (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں سہولتوں کا جامع پیکیج متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد مستحق اور عام شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی محکموں کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں رمضان المبارک کے انتظامات اور عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی اور مختلف امور پر بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر بھر میں 8 دستر خوان قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی افطار دستر خوان لگانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام تحصیلوں میں قائم سہولت بازاروں میں سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آٹا سیل پوائنٹس قائم کرکے شہریوں کو سستے داموں آٹا فراہم کیا جائیگا ۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران مستحق افراد کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب راشن کارڈ کی تقسیم کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔