راولپنڈی /اسلام آباد (حافظ وسیم اختر/ نمائندہ جنگ) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی پریس کانفرنس کو گمراہ کن ‘ حقائق کے منافی اورعوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک ناکام کوشش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم دیکھ رہی ہے ‘سچ کو عارضی طورپر دبایاتو جاسکتا ہے مگردفن نہیں کیاجاسکتاجبکہ تحریک انصاف چیئرمین بیرسٹر گوہر کاکہناہے کہ پہلے بھی کہا ہے ہم بانی کی صحت پر سیاست نہیں کر رہے‘ہمارا مطالبہ تھا فیملی یا ذاتی معالج کو رسائی دی جائے‘ہمارا دوسرا مطالبہ تھا بانی کو اسپتال شفٹ کیا جائے۔جیل ذرائع کے مطابق منگل کو جیل حکام نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروائی جو تقریباً آدھ گھنٹہ تک جاری رہی‘یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی ‘ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔تفصیلات کےمطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاہے کہ ہم اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتے ہیں کہ بانی کی آنکھ کیسی ہے‘ ملاقاتیں نہ کرانے کی وجہ سے ملک بحرانوںمیں ہے، ملاقات ہوجاتی تو ہمیں اصل صورت حال پتہ چل جاتی مگر آپ بضد ہیں کہ کسی کی ملاقات نہیں کرانی‘منگل کو اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹرگوہرخان کاکہناتھاکہ اگر حکومت کہہ رہی ہے کہ ملاقات کے لیے آؤ اور ہم آئے ہیں تو ملاقات کیوں نہیں کرائی گئی ۔