اسلام آباد (اسرار خان) جنوری میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 3.1فیصد اضافہ، حجم 1.74 ارب ڈالر تک پہنچ گیا؛ نِٹ ویئر کا شعبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو جاری ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جنوری 2026 میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات بڑھ کر 1.738 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 1.3 فیصد اور دسمبر (2025) کے مقابلے میں 28.7 فیصد کا نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ دسمبر میں برآمدات کا حجم 1.35 ارب ڈالر رہا۔ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ٹیکسٹائل کی بیشتر بڑی کیٹیگریز بشمول بیڈ ویئر، تولیے، سوتی کپڑے اور کاٹن یارن (سوتی دھاگے) کی سالانہ برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔