کراچی (رفیق مانگٹ)برصغیر میں بڑھتی سیاسی کشیدگی نے کرکٹ کے عالمی کیلنڈر پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آئی سی سی 2029 چیمپئنز ٹرافی اور 2031 مردوں کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت سے منتقل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، جبکہ آسٹریلیا متبادل میزبان کے طور پر ابھر رہا ہے، آسٹریلوی اخبار کے مطابق ورلڈ کپ آسٹریلیا منتقل ہونے کا سنجیدہ امکان ہے،بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات نے آئی سی سی کو ہنگامی منصوبہ بندی پر مجبور کر دیا،بھارتی میڈیا سوال اٹھارہا ہے کہ آیا 2031 ون ڈے ورلڈ کپ بھارت سے چھن سکتا ہے؟ ۔آسٹریلوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق برصغیر میں حالیہ تنازعات، خصوصاً جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پیدا ہونے والے بحران، نے آئی سی سی کو آئندہ ایونٹس کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی پر مجبور کر دیا ہے۔کشیدگی اس وقت بڑھی جب پاکستان نے کولمبو میں بھارت کے خلاف اپنے اہم گروپ میچ کے بائیکاٹ کی دھمکی دی۔ یہ بحران کرکٹ بورڈز، حکومتوں اور آئی سی سی کے ہنگامی مذاکرات کے بعد حل ہوا۔