ریاض/ دبئی/ واشنگٹن(شاہد نعیم/ سبط عارف/ عظیم ایم میاں)سعودی عرب و دیگر خلیجی ممالک میں چاند نظر آگیا، آج پہلا روزہ ہوگا، اسی طرح پہلے سے طے شدہ مسلم کیلنڈر پر عمل کرنے والی مسلم تنظیموں کے مطابق امریکہ اور کینیڈا میں بدھ18فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں منگل 17 فروری کو رمضان کا چاند نظر آگیا ہے، سعودی عرب میں اوربیشتر خلیجی ممالک میں آج بدھ 18 فروری کو پہلا روزہ ہے۔دوسری جانب دبئی میں رمضان کے آغاز کا اعلان افطار توپوں کے دو گولے داغ کر روایتی طور پر کیا گیا۔ یہ روایت گزشتہ 60 سال سے دبئی میں جاری ہے۔ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی دبئی اور دیگر اماراتی ریاستوں میں توپیں نصب کردی جاتی ہیں اور افطار کا اعلان توپ کا ایک گولہ داغ کردیا جاتا ہے۔ دبئی میں برج خلیفہ کے پارک میں بھی توپ نصب کی جاتی ہے جبکہ جمیرا بیچ ریذڈینس ، ڈیمک ہلز، ایکسپو سٹی دبئی (الواصل پلازہ)، دبئی فیسٹیول سٹی، اور کریک ہاربر میں بھی توپیں نصب کردی گئی ہیں۔ رمضان بھر شہری اور سیاح افطار کے وقت توپوں کی گونج سن کر رمضان کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔امریکہ اور کینیڈا میں فلکیاتی اور چاند کی گردش ناپنے کیلئے جدید طریقوں کو شرعی اصولوں کے مطابق تسلیم کرنے اور پہلے سے طے شدہ مسلم کیلنڈر پر عمل کرنے والی مسلم تنظیموں کے مطابق بدھ18فروری کو پہلا روزہ ہوگا اور17فروری مساجد میں نماز تراویح ادا کی جائے گی جبکہ چاند دیکھ کر آغاز رمضان اور عیدالفطر کے بارے میں رویت ہلال پر عمل کرنے والی مسلم تنظیمیں اور مساجد 17 فروری کو غروب آفتاب کے بعد چاند دیکھنے کی شہادتیں ملنے یا نہ ملنے کی بنیاد پر نماز تراویح اور آغاز رمضان کے فیصلے کرتی ہیں۔اقوام متحدہ بھی اسی مسلم کیلنڈر کو تسلیم کرکے عیدالفطر اور عیدالاضحی کی تعطیلات کا اعلان کرتی ہے ۔