لاہور(اپنے نامہ نگار سے) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قومی خودمختاری، سالمیت اور پاکستان کی سلامتی ہمیشہ ہماری پارٹی کی بنیاد رہی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو تک اور اب بلاول بھٹو زرداری تک، ہم پاکستان کے دشمنوں کی طرف سے لاحق خطرات کیخلاف لڑتے رہے ہیں، ہم بیرونی ممالک کی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی زیر صدارت بلاول ہاؤس لاہور میں ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی اور صوبائی قیادت کے اجلاس میں کیا۔ جس میں پارٹی کے اندرونی معاملات کے ساتھ ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔