کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی، فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لئے 7 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا اعلان ،ماہ رمضان میں سحری اور افطارکے وقت گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی قرار داد منظور ، تاہم ایوان نے اپوزیشن ارکان کی دو قراردادیں مسترد کردیں۔ سندھ اسمبلی میں منگل کو پرائیویٹ ممبرز ڈے کے موقع پر حادثات کی صورت میں انشورنس کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے تک کرنے سے متعلق قرارداد بھی متفقہ طورپر منظور۔ ایوان کی کارروائی کے دوران وزیرقانون و پارلیمانی امور کی جانب سے فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لئے 7 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کو اسپیکر سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ ایوان کی کارروائی کے دوران ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمد مظاہر کی ایک قرارداد جو حادثات کی صورت میں انشورنس کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے تک کرنے سے متعلق تھی منظور کرلی گئی۔ محرک کی جانب سے قرارداد پیش کرنے پر اسپیکر نے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن سے پوچھا کہ اس قرارداد کی آپ حمایت کر رہے ہیں یا مخالفت ؟ شرجیل میمن نے کہا کہ ہم مخالفت نہیں کر رہے کیونکہ یہ اچھی چیز ہے ۔