• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 لاکھ طلبا کو مفت کھانا اور راشن، سندھ حکومت اور امریکی محکمہ زراعت میں معاہدہ

کراچی (سید محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے امریکی محکمۂ زراعت کے تعاون سے صوبے کے 1300 سرکاری پرائمری اسکولوں میں زیرِ تعلیم دو لاکھ سے زائد طلبہ کو مفت پکا ہوا کھانا اور گھروں کے لیے راشن فراہم کرنے کا معاہدہ طے کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت امریکا McGovern-Dole پروگرام کے ذریعے 80 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں سندھ حکومت کی نمائندگی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کی، جبکہ امریکا کی جانب سے امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ تقریب میں Save the Children پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر محمد خرم گوندل اور World Food Programme کی کنٹری ڈائریکٹر کوکو اُشیاما بھی موجود تھیں۔یہ مفاہمتی یادداشت سندھ حکومت، امریکی محکمۂ زراعت، ورلڈ فوڈ پروگرام اور سیو دی چلڈرن کے مابین طے پائی ہے۔ منصوبے کے تحت سندھ بھر کے منتخب پرائمری اسکولوں میں طلبہ کو روزانہ پکا ہوا کھانا فراہم کیا جائے گا جبکہ گھر کے لیے راشن بھی دیا جائے گا۔ پروگرام پر عملدرآمد سیو دی چلڈرن اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید