• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آر ڈی اے کا ڈبل و سٹیڈیم روڈ پر تجاوزات کیخلاف جامع آپریشن

راولپنڈی (خبر گار خصوصی)کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے گزشتہ روز ڈبل و اسٹیڈیم روڈ پر تجاوزات کے خلاف جامع آپریشن کیا۔ یہ کارروائی ڈبل روڈ کے دونوں اطراف ایم سی آر اور پیرا فورس کے مشترکہ تعاون سے عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران غیر مجاز شیڈز، تندور، سڑک کنارے قائم پلیٹ فارمز غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا جبکہ تجاوزات کا خاتمہ کرتے ہوئے سڑک کو بحال کر دیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ آر ڈی اے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہر میں غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہری ماحول کی بہتری، ٹریفک کے نظام کی بحالی اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انفورسمنٹ سکواڈ کو بروقت، مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے کے لیے موقع پر تعینات کیا گیا۔ حکام نے دکانداروں کو عوامی مقامات کے احترام اور منظور شدہ بلڈنگ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔ اس آپریشن کا مقصد صرف رکاوٹیں ختم کرنا نہیں بلکہ پیدل چلنے والوں کی سہولت میں اضافہ، ٹریفک نظام کی بہتری اور شہری ماحول کو صاف، محفوظ اور منظم بنانا بھی ہے۔ آر ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی بھی صورت عوامی اراضی پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
اسلام آباد سے مزید