ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس، شہر کے وسط میں پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں شہر کے وسط میں عوام کو معیاری تفریحی سہولت فراہم کرنے کیلئے نئے پارک کے قیام کی تجویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چونگی نمبر 9 پر قائم گرین بیلٹ کو باقاعدہ پارک میں تبدیل کرنے کے حوالے سے پلان مرتب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ عامر کریم خاں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین تفریحی سہولت دینے کیلئے وسط شہر میں پارک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عارضی میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو تعمیر شدہ عمارت میں منتقل کرکے خالی ہونے والی جگہ پر پارک قائم کیا جائے۔ کمشنر ملتان نے ایم ڈی اے کو پارک منصوبے پر فوری پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت مند اور خوشگوار ماحول کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ پارک منصوبہ شہریوں کیلئے ایک اہم تفریحی اضافہ ثابت ہوگا۔ ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد، ایڈیشنل ڈی جی عطا الرحماناور متعلقہ افسران موجود تھے۔