راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبرذرائع کے مطابق دھوکہ دہی،کرپشن اور عوامی شکایات پر سابق،برطرف،معطل اور غیر متعلقہ سرکاری اہلکاروں کے سب رجسٹرارز اور تحصیلداروں کے دفاتر میں داخلے،موجودگی پر پابندی لگادی گئی ہے۔اے ڈی سی آر آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سب رجسٹرارز اور تحصیلداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر اور اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق غیر متعلقہ افراد کے رجسٹری برانچ سمیت تحصیل آفس میں موجودگی کی شکایات پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔عوامی شکایات کے مطابق غیر متعلقہ افراد جائز و ناجائز کاموں کیلئے شہریوں سے رقم بٹورتے ہیں۔دوسری طرف کرپشن کے باعث جائیدادوں کے معاملات میں عوامی شکایات بھی بڑھ گئی تھیں۔لوگوں کی زمینوں کے ساتھ فراڈ بڑھ گے تھے۔سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور رشوت کی شکایات بڑھ گئی تھیں۔