کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہرینِ کرکٹ راشد لطیف، سکندر بخت، احمد شہزاد اور محمد عامر نے کہا ہے کہ مزید کچھ رنز ہوتے تو صورتحال الگ ہوسکتی تھی، بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہئے اور سلمان علی آغا کی جگہ بھی نہیں بنتی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں میزبان شاہزیب خانزداہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے جبکہ پاکستان کی رسائی مشکل بنا دی ہے۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ ہماری ٹیم نے کئی خامیاں کیں لیکن کپتان ہونے کے ناتے بروک نے بہت اچھی اننگ کھیلی جب آپ کی ٹیم چل نہیں رہی ہوتی تو کوئی ایک چلتا ہے اور ان کا کپتان چلا۔ابرار کی کمی شدت سے محسوس ہوئی اگر مزید کچھ رنز ہوتے تو صورتحال الگ ہوسکتی تھی۔ صائم ایوب اور بابر اعظم پلائنگ الیون میں ہی نہیں آتے ہیں۔ کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ گزشتہ میچوں کے مقابلے میں بقدر بہتر کرکٹ پاکستان نے کھیلی ہے لیکن جب تک پلائنگ الیون ٹھیک نہیں ہوگی بڑے میچ نکالنا آسان نہیں ہے ۔ چھ سے تیرہ اوور کے درمیان پاکستان ہمیشہ تمام ٹیموں کے مقابلے میں پیچھے رہتا ہے۔