نیو یارک (عظیم ایم میاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی میڈیا کی خبریں فیک نیوز ہوتی ہیں، جنرل کین صرف جنگ جیتنا جانتے ہیں ، انہوں نے ایران پر حملے سے متعلق فوجی سربراہ کے خدشات سے متعلق امریکی میڈیا کی رپورٹس کی تردید کردی۔ ایران سے امریکی مطالبات اسرائیلی ترجیحات ہیں ، ٹرمپ آج کانفرنس سے خطاب میں ایران کا ذکرکرینگے۔ امریکا کے صف اول کے اخبارات نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے سربراہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر امریکی حملے سے متعلق خدشات سے آگاہ کردیا ہے تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کی خبروں کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل کین صرف جنگ جیتنا جانتے ہیں، ایران سے امریکی مطالبات دراصل اسرائیلی ترجیحات ہیں ، ٹرمپ آج کانفرنس سے خطاب میں ایران کا ذکرکرینگے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے ممتاز امریکی اخبارات ’’وال اسٹریٹ جرنل‘‘ اور ’’واشنگٹن پوسٹ‘‘ اور امریکی الیکٹرانک میڈیا کی اس خبر کو ’’فیک نیوز‘‘ قرار دیتے ہوئے تردید کی ہے کہ امریکی افواج کے چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے صدر ٹرمپ کے ایران پر حملے کی تیاریوں اور امکان بارے اپنی ماہرانہ فوجی رائے دیتے ہوئے واضح طور پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ ایران سے جنگ کی طوالت کی صورت امریکی ہلاکتوں اور امریکا کیلئے پیچیدہ صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تمام خبریں 100 فیصد غلط ہیں اور وہ (جنرل ڈین کین) صرف جیتنا جانتے ہیں اور ایران سے تصادم کی صورت میں ہم آسانی سے جیت جائیں گے۔