اسلام آباد(کامرس رپورٹر )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاسکو کے پاس ذخیرہ 5لاکھ میٹرک ٹن گندم مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی منظوری دیدی، گندم کی نظرِ ثانی شدہ ریزرو قیمت 4150 روپے فی 40 کلوگرام اور درآمدی گندم کی 3800 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی گئی،تحلیل شدہ پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کیلئے 536 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی ۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منگل کووفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمداورنگزیب کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پاسکو کے پاس موجود 5لاکھ میٹرک ٹن گندم کے ذخیرے کو مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی تجویز کاجائزہ لیاگیا،کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ پہلے منظور شدہ ذخیرہ قیمتوں پر گندم فروخت کرنے کی سابقہ کوشش موصول ہونے والی کم بولیوں کے باعث حتمی شکل اختیار نہ کر سکی، موجودہ ذخائر کی صورتحال اور ان پر اٹھانے و ذخیرہ رکھنے کی لاگت کے پیش نظر ای سی سی نے 500000 میٹرک ٹن گندم کو فرسٹ ان فرسٹ آؤٹ کی بنیاد پر مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی منظوری دے دی جس کے تحت مقامی گندم کی نظرِ ثانی شدہ ریزرو قیمت 4150 روپے فی 40 کلوگرام اور درآمدی گندم کی 3800 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی گئی، اجلاس میں تحلیل شدہ پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کے لیے 536 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔