کراچی (افضل ندیم ڈوگر) شدید دھند، امارات کا فلائٹ آپریشن متاثر، 600 پروازیں متاثر، شارجہ، فجیرہ، راس الخیمہ ایئرپورٹس 6 گھنٹے بند رہے، دبئی کی 500 پروازیں متاثر، ابوظہبی، شارجہ، فجیرہ راس الخیمہ کی 8 پروازوں کو متبادل لینڈنگ کرائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو صبح سویرے شدید دھند کے باعث متحدہ عرب امارات کے 5 ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن متاثر رہا۔ 3 ایئرپورٹ 6 گھنٹے بند رہے جبکہ دبئی اور ابوظہبی ایئرپورٹس کی 600 پروازیں متاثر ہوئیں۔ رات گئے امارات بھر میں دھند نے معمولات متاثر کرنا شروع کئے۔ حد نظر انتہائی محدود ہونے پر دبئی ایئرپورٹ سے روانگی کی پروازوں میں اوسط تاخیر 70 منٹ سے تجاوز کرگئی تھی۔ دن 11 بجے تک دبئی سے روانگی کی 300 اور آمد کی 200 پروازوں میں تاخیر رپورٹ ہوئی۔ ابوظہبی ایئرپورٹ سے پروازوں کی آمد میں اوسط 27 منٹ جبکہ روانگی میں اوسط 25 منٹ تاخیر ہوئی۔ کراچی سے شارجہ کی پرواز G-9549 کو فجیرہ بھارت اور جدہ سے شارجہ کی 3 پروازوں کو مسقط، فجیرہ، بحرین لینڈنگ کرائی گئی۔