• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک دہائی میں 119؍ جامعات سے 32؍ ہزار 640؍ پی ایچ ڈی ڈگریاں

اسلام آباد (قاسم عباسی) گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان میں 119؍ جامعات سے مجموعی طور پر 32؍ ہزار 640؍ پی ایچ ڈی ڈگریاں دی گئی ہیں۔ یہ اعداد و شمار گیلپ پاکستان کی ڈیجیٹل اینالیٹکس ہائر ایجوکیشن ڈیش بورڈ میں جاری کیے گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار ملک بھر میں اعلیٰ تحقیقی تعلیم کے فروغ کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم ساتھ ہی یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ ڈاکٹریٹ کی پیداوار چند مخصوص مضامین میں زیادہ مرتکز رہی ہے۔ تمام شعبہ جات میں کیمسٹری سرفہرست رہی، جہاں اس عرصے کے دوران 2؍ ہزار 433؍ پی ایچ ڈیز دی گئیں۔ اس کے بعد ریاضی میں ایک ہزار 680؍، تعلیم میں ایک ہزار 460؍، اسلامیات میں ایک ہزار 333؍ جبکہ اردو میں ایک ہزار 241؍ ڈاکٹریٹ ڈگریاں عطا کی گئیں۔ نیچرل سائنسز کے بنیادی شعبوں میں فزکس سے ایک ہزار 6؍، زولوجی سے 885؍ اور بوٹنی سے 874؍ پی ایچ ڈیز مکمل کی گئیں۔ اس کے برعکس اپلائیڈ اور اکنامکس کے لحاظ سے اسٹریٹجک سمجھے جانے والے شعبوں میں تعداد نسبتاً کم رہی۔ معاشیات میں 743؍ اور بایو ٹیکنالوجی میں 699 پی ایچ ڈیز اسی مدت میں دی گئیں۔ ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ دہائی میں پاکستان کا ڈاکٹریٹ نظام حجم کے اعتبار سے نمایاں طور پر وسعت اختیار کر چکا ہے۔ تاہم مختلف مضامین میں پی ایچ ڈیز کی تقسیم ایسے ساختی رجحانات کو ظاہر کرتی ہے جن پر ماہرین کے مطابق پالیسی سطح پر توجہ درکار ہے۔
اہم خبریں سے مزید