کابل (اے ایف پی /نیوزڈیسک ) افغانستان نے دعویٰ کیاہے کہ اس کی سرحدی فورسز نےپاک افغان بارڈرپر پاکستانی افواج پر حملہ کرکے درجنوں فوجیوں کو ہلاک اور گرفتار کر لیا ہے جبکہ 15سے زائد پاکستانی چوکیوں پر قبضہ کرلیا گیا ہے تاہم پاکستان نے ان دعوؤںکی تردید کی ہے ۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس ‘‘پر جاری بیان میں بتایاکہ پاکستانی فوج کی جانب سے بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں کے جواب میں، پاکستانی فوجی اڈوں اور تنصیبات کے خلاف بڑے پیمانے پر جارحانہ کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں دعویٰ کیاکہ افغان فورسز نے دو گھنٹوں کے دوران 15 سے زائد پاکستانی چوکیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔درجنوں پاکستانی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور ہم نے 10 لاشیں کنڑ اور دیگر علاقوں میں منتقل کر دی ہیں۔ کئی زخمی بھی ہوئے ہیں اور کچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا ہے۔صوبہ کنٹرگورنر کے دفتر اور رہائشیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ فوجی کارروائی جاری ہے، جبکہ افغان حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افواج متعدد دیگر صوبوں میں بھی کارروائیاں کر رہی ہیں۔