اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان حکومت سے مذاکرات پر آمادہ ہوگیا، حکومت کو مثبت جواب دینے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اسلام آباد میں گزشتہ رات اپوزیشن اتحاد کی مشاورتی نشست میں کیا گیا، مشاورتی اجلاس میں محمود خان اچکزئی، علامہ ناصر عباس، شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں رانا ثناء اللّٰہ کے بیانات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، سلمان اکرم راجہ، شاہد خاقان و دیگر نے اپوزیشن قیادت کو حکومت سے رابطے کا مشورہ دیا۔محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس اپوزیشن اتحاد کے فیصلوں کے بعد مذاکراتی عمل پر پیشرفت کریں گے، اپوزیشن قائدین رمضان المبارک میں اہم حکومتی شخصیات سے رابطہ کریں گے۔پی ٹی آئی رہنماء جنید اکبر نے کہا کہ ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور مذاکراتی عمل پر یقین رکھتے ہیں، چاہتے ہیں مفاہمت اور ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کا حل نکلے، اداروں سے محاذ آرائی ختم ہو لیکن حکومت کو بھی اپنا رویہ درست کرنا ہوگا۔