اسلام آباد(نمائندہ جنگ) حکومت نے تیل و گیس تلاش کیلئے11آنشوربلاکس الاٹ کر دئیے اور 8.66ارب سرمایہ کاری یقینی بنالی۔ اقدام ملکی توانائی پیداوار بڑھانے کیلئے اہم پیش رفت،وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے اسے سنگ میل قرار دیا۔بلوچستان میں 8، سندھ میں 2اور پنجاب میں ایک بلاک الاٹ،مقامی فلاحی منصوبوں کیلئے 27.6کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ حکومت نے جمعرات کو 11 آن شور تیل اور گیس کے بلاکس بڑی ملکی کمپنیوں کو الاٹ کیے، جس سے 8.66 ارب روپے سے زائد کی یقینی سرمایہ کاری اور مقامی سماجی فلاحی منصوبوں کے لیے 276 ملین روپے سے زائد کی رقم حاصل کی گئی، یہ اقدام ملکی توانائی کی پیداوار کو بڑھانے اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹس اور ایکسپلوریشن لائسنسز پر دستخط کیے، جس پر وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ یہ اقدام سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے اور اپ اسٹریم ایکسپلوریشن کو بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ آٹھ بلاکس بلوچستان میں، دو سندھ میں اور ایک پنجاب میں واقع ہیں۔