دنیا کی امیر ترین کرکٹ لیگ انڈین پریمیئر لیگ بحران کا شکار ہو گئی ہے، جہاں پیسے کے باوجود غیر ملکی اسٹار کھلاڑی حصہ نہیں لے رہے۔ ’’ہندوستان ٹائمز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق لیگ اب اس مقام پر ہے جہاں سے اس کی تنزلی کا آغاز متوقع ہے۔اہم کھلاڑیوں کی علیحدگی، کرکٹ کیلنڈر کی بے ترتیبی اور کام کے دباؤ نے کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے کے معاوضے کے بجائے اپنی ذہنی و جسمانی صحت اور قومی ذمہ داریوں کو ترجیح دینے پر مجبور کر دیا ہے۔ غیر دستیاب کھلاڑی ٹیموں کا توازن بگاڑ رہے ہیں اور اسپانسرز و شائقین کی دلچسپی بھی کم ہو رہی ہے۔ماہرین کے مطابق، اگر آئی پی ایل کے کیلنڈر اور انتظامات میں فوری اصلاح نہ کی گئی تو لیگ نہ صرف اپنا وقار کھو سکتی ہے بلکہ عالمی کرکٹ کے لیے بھی بوجھ بنتی جائے گی۔ یہ صورتحال بھارتی کرکٹ کے اس گھمنڈ کے لیے بڑا دھچکا ہے کہ وہ صرف پیسے کے زور پر عالمی کرکٹ کو یرغمال بنا سکتے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ کرکٹ کے عالمی ڈھانچے کی ’سرجری‘ کی جائے ورنہ آئی پی ایل کا انجام عبرتناک ہو سکتا ہے۔