کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں باغِ جناح گراؤنڈ میں انونسیبلز نے کانکررز کو 30 رنز سے ہرا دیا۔ انونسیبلز نے 5 وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔ منیبہ علی نے 59 اور ارم جاوید نے 43 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ جواب میں کانکررز 8 وکٹوں پر 135 رنز بنا سکی۔ سامیعہ افسر نے 57 رنز اور حفصہ خالد نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ امبر کائنات نے 20 رنز دے کر 4 جبکہ صائمہ ملک اور ماہ نور زیب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ غنی انسٹیٹیوٹ گراؤنڈ میں اسٹرائیکرز نے چیلنجرز کو 5 رنز سے ہرایا۔اسٹرائیکرز نے 7 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔ دعا ماجد نے 38، عالیہ ریاض نے 32، صدف شمس اور ام ہانی نے 25 ، 25 رنز بنائے۔ ڈیانا بیگ اور تانیہ سعید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ چیلنجرز نے جواب میں 6 وکٹ پر 145 رنز بنائے۔ ایمان نصیر نے 42 اور ایمان فاطمہ نے 38 رنز بنائے۔ دریں اثناء قومی انڈر19 خواتین ٹیم کی کپتان ایمان نصیر نے کہا ہے کہ تعلیم اور کرکٹ کو ایک ساتھ لے کر چلنا شروع میں بہت مشکل تھا، خاص طور پر دسویں جماعت کے دوران، لیکن شوق نے آگے بڑھنے میں مدد دی ، پاکستان انڈر 19 کے لیے بطور کپتان سیریز جیتنا میری زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہے ۔