کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ حنیف ملک نے بیٹرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روایتی نیٹ پریکٹس کے ساتھ ذہنی مضبوطی پر زور دیا ہے اور کھلاڑیوں کو ہالی ووڈ فلم ’’راکی‘‘ کی سیریز دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس فلم کے ذریعے کھلاڑی سیکھ سکتے ہیں کہ ہر نئے حریف کے خلاف نئی تیاری ضروری ہوتی ہے۔ کرکٹرز میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اصل مسئلہ ذہنی پختگی اور مستقل مزاجی کا فقدان ہے۔ ایک سیزن کی کارکردگی پر کھلاڑیوں کو غیر معمولی حیثیت دے دی جاتی ہے اور اگلے ہی سال نظر انداز کر دیا جاتا ہے، جس سے ان کی ترقی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے بابر اعظم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں شامل ہیں، تاہم بیرونی دباؤ اور تنقید ان کی کارکردگی پر اثر انداز ہوتی ہے۔ پاکستان کی کمزوری مڈل اوورز میں ہے جہاں ٹیم بھارت اور انگلینڈ سے پیچھے رہ جاتی ہے۔