کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں قلندر نے سلطانز کو 20رنز سے مات دیدی۔ پہلے بیٹرز نے دھمال ڈالا بعد میں بولرز نے اپنی حریف بیٹرز کو جکڑ لیا۔ سلطانز کی یہ ایونٹ میں پہلی شکست ہے، بارش سے متاثرہ میچ میں لاہور قلندرز کے مقررہ 13 اوورز میں 5 وکٹ پر 185رنز اسکور کیے ۔ ناکام ٹیم پانچ وکٹ پر 165 رنز بناسکی، ٹاس بھی تاخیر سے ہوا۔ قلندر کے اوپنر نے پہلے چھ اوورز میں بولرز کے پر خچے اڑاکر86 رنز بنائے، بیٹرز نے اننگز کے دوران 11چوکے اور11چھکے لگائے ۔ اوپنر محمد نعیم نے 28 گیندوں پر 60 رنز چار چوکے اور چار چھکے لگاکر بنائے ، پرویز حسین ایمون نے 45 رنز صرف19 گیندوں پر بنائے جس میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، عبداللہ شفیق نے تین چوکوں اور دو چھکوں سے14بالز پر33رنزبنائے، سکندر رضا نے 13 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیا۔ محمد اسماعیل نے47رنز کے عوض دو ، پیٹر سڈل اور فیصل اکرم نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ملتان کی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ ہوسکا،17رنز پر اسٹیون اسمتھ9 ، جوشوا ریان فلپ ایک رن پر آوٹ ہوگئے، صاحب زادہ فرحان24 ، شان مسعود نے44 رنز بنائے۔ کپتان ایشٹن ٹرنر نے 21گیندوں پر دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے52 رنزناٹ آوٹ اسکور کیا، عرفات مہناس نے25 رنز اسکور کئے۔ ہفتے کو اسلام آباد اور پنڈیز کا میچ ہوگا۔