اسلام آباد، برسلز (نیوز ڈیسک،اے ایف پی) افغانستان کی پاکستان میں در اندازی، حملوں، دہشت گردوں کی پشت پناہی کیخلاف افواجِ پاکستان کا آپریشن غضب للحق جاری ہے، پاکستانی فضائیہ نے تازہ بمباری کی کارروائی میں قندھار میں افغان فوجی ہیڈکوارٹر تباہ کردیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے مطابق ہفتہ کی صبح تک کی کارروائیوں میں 352طالبان ہلاک جبکہ535 زخمی ہوئے، ان کی 130چیک پوسٹیں تباہ جبکہ 26پر پاکستانی افواج نے قبضہ کرلیا ہے، اس دوران افغان فورسز کے 171ٹینک و آرمڈ گاڑیاں بھی تباہ کی گئیں۔ ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان کیخلاف کارروائی میں کسی پاکستانی طیارے کے گرائے جانے کی خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔ امریکا نے افغان طالبان کیخلاف پاکستانی حملوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، یورپین یونین نے افغان ڈی فیکٹو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکیں، یورپین یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کایا کالس نے کہا کہ فریقین کشیدگی کم کرکے فوری مذاکرات شروع کریں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے افغان طالبان کیخلاف پاکستان کی مسلح افواج کی بھرپور جوابی کارروائی میں افغان فورسز کو ہونے والے نقصان کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی کارروائیوں میں اب تک 353 طالبان ہلاک اور 535 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ افغانستان میں 37 مقامات کو فضا کے ذریعے مؤثر انداز سے نشانہ بنایا گیا، افغان فورسز کے 171 ٹینک اور آرمڈ گاڑیاں بھی تباہ کی جا چکی ہیں۔ قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دہشتگردوں کی تشکیل کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جارحیت کیخلاف پاک فوج کی بھرپور اور طاقتور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، پاک فضائیہ نے قندھار میں فضائی حملے کےدوران افغان فوج کے ہیڈ کوارٹرز کو تباہ کر دیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ژوب سیکٹر سے ملحقہ افغان طالبان کی طاہر پوسٹ کو تباہ کردیا جبکہ افغان طالبان کے جنڈوسر پوسٹ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے میرانشاہ کے قریب افغان طالبان کے پوسٹ ٹاور کو تباہ کر دیا، اعظم وارسک سیکٹر میں بھی افغان طالبان کی شاگاپوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز افغان طالبان رجیم کے فوجی اہداف کو نشانہ بنارہی ہیں۔ پاک فوج نے قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں افغان طالبان کی اعلیٰ جرگہ تھانااور رحیم تھانا پوسٹ تباہ کردی۔ پاک فوج نے افغان طالبان کی خیبر پوسٹ مکمل تباہ کردی۔