• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرق وسطیٰ کشیدگی، عالمی فضائی نظام مفلوج، 3 دن میں 10 ہزار پروازیں منسوخ

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی سے عالمی فضائی نظام مفلوج، پاکستان سمیت ہزاروں پروازیں منسوخ،لبنان کا فلائٹ آپریشن جزوی بحال ہوگیا ہے جبکہ مشرق وسطی کے دیگر 9 ممالک کی فضائی حدود آج تیسرے روز بھی بند ہے۔ 3 دن میں 10 ہزار پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ پاکستان سے مشرق وسطی کا فلائٹ آپریشن پیر کوتیسرے روز بھی بند رہے گا۔ منسوخ پاکستانی پروازوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے۔ اتوار کو مشرق وسطی کے 7 بڑے ایئرپورٹس کی ایک دن میں 3400 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ ہفتے کو خطے کی منسوخ پروازوں کی تعداد بھی 3 ہزار تک رپورٹ ہوئی۔ فلائٹ راڈار کے مطابق پیر کو بھی 9 ممالک ایران، امارات، قطر، بحرین، کویت، عراق، شام، اردن اور اسرائیلی فضائی حدود مکمل بند رہےگی۔ فلائٹ شیڈیول پر ان ممالک کی پیر کی لگ بھگ 3500 پروازیں منسوخ رہیں۔ مختلف ایئر لائنز نے پیر کو مشرق وسطی کے فلائٹ آپریشن بند رکھنے اور سہہ پہر کو اگلے لائحہ عمل جاری کرنے کا کہا ہے۔ فلائٹ راڈار کے مطابق اتوار کو لبنان کی فضائی حدود کی جزوی بحالی دیکھی گئی اور بیروت ایئرپورٹ کی لگ بھگ 34 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، سیالکوٹ، پشاور، فیصل آباد اور کوئٹہ سے دبئی، شارجہ، دوحہ، نجف، استنبول، ابوظہبی، مسقط، بحرین، تہران، دمام، مسقط، راس الخیمہ، شارجہ، کویت، ریاض کی 200 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ فلائٹ شیڈول پر پیر 2 دسمبر کی پاکستان بھر سے مشرق وسطی کی 174 پروازیں منسوخ ظاہر ہو رہی ہیں۔ ہفتے کو مشرق وسطی کی 125 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ایمریٹس نے دبئی کے تمام آپریشنز پیر کی سہہ پہر 3 بجے تک معطل کیے ہیں۔ پروازیں معطل رکھ کر اتحاد ایئرویز نے دوپہر 3 بجے اگلا لائحہ عمل جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قطر ایئرویز نے اپریشن کی بحالی کو فضائی حدود کھلنے سے مشروط کیا ہے۔ قطر ایر ویز اگلا لائحہ عمل پیر کی صبح 9 بجے جاری کرے گی۔ پروازوں کیلئے بحال پاکستان اور افغانستان فضائی حدود سے اوور فلائنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مشرق وسطی کے لاکھوں مسافروں کو دوسرے روز بھی شدید بحران کا سامنا ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب کی فضائی حدود کھلی ہے اور تمام ایئرپورٹس کا فلائٹ اپریشن بھی نارمل ہے۔ ترکیہ اور سعودیہ کا فلائٹ آپریشن بحال، ترکش ایئر کی پروازیں دور دراز کے روٹ اختیار کر رہی ہیں۔دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر لاکھوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ جرمنی کی ایئر لائن نے خطے کیلئے اپنی پروازوں کی معطلی میں 8 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔ اتوار کو فلائٹ راڈار پر ایران، عراق، کویت، اسرائیل، بحرین، متحدہ عرب امارات اور قطر کی فضائی حدود تقریباً خالی رہی۔ یو اے ای کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اس نے ہفتے کو پہلے روز تقریباً 20,200 مسافروں کی مدد کی گئی۔ یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی ایئر لائنز نے بند یا محدود فضائی حدود بندش سے طویل ترین متبادل راستوں کے سفر اور ایندھن کے اخراجات میں اضافے سے بچنے کے لیے پروازیں منسوخ یا تبدیل کرنا شروع کردیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید