کراچی(این این آئی)رمضان میں بھی کراچی میں گیس بحران شدید، صبح 9بجے کے بعد گیس بند، نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ، فیڈرل بی ایریا، شادمان، ناظم آباد، لیاقت آباد، گلشن اقبال، گارڈن، اورنگی ودیگر علاقوں میں شہری پریشان، کراچی میں650ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی قدرتی گیس سے دی جا رہی ہے،ذرائع، 10 مارچ کے بعد نئے شیڈول کا اعلان ہوگا،کمپنی۔ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطی میں صورت حال کشیدہ ہونے کے باعث آر ایل این جی کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے شہر قائد میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، اور صبح 9بجے کے بعد گیس بند کی جا رہی ہے۔آر ایل این جی کی سپلائی میں خلل سے ایس ایس جی سی سسٹم میں گیس کی قلت پیدا ہو گئی ہے، ذرائع کے مطابق کراچی میں 650ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی قدرتی گیس سے دی جا رہی ہے، آر ایل این جی کے ذریعے 80ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی میں کمی نے بحران سے دوچار کر دیا ہے۔کراچی کا بڑا علاقہ اس وقت گیس سے محروم ہو گیا ہے، نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹان، فیڈرل بی ایریا، شادمان ٹان، ناظم آباد، لیاقت آباد، دستگیر، گلشن اقبال، گارڈن، لی مارکیٹ، اورنگی سمیت دیگر علاقوں میں شہری شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ ایس ایس جی سی ذرائع نے کہا کہ قطر نے آر ایل این جی کا پلانٹ بند کر دیا ہے اور کوئی کارگو راستے میں نہیں ہے، یہ صورت حال اگر برقرار رہتی ہے تو گیس کا نیا شیڈول جاری کیا جا سکتا ہے۔ایس ایس جی سی کے مطابق 10 مارچ کے بعد گیس کے نئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔