• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی بی اے کراچی کا اسلام آباد میں کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی (سید محمد عسکری) انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپنا کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس فیصلے کی باقاعدہ منظوری جمعرات کو منعقد ہونے والے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دے دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں مجوزہ کیمپس کے لیے ڈی ایچ اے اسلام آباد میں قطعہ اراضی کے حصول کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ بورڈ کے ارکان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کیمپس کے قیام کے لیے کسی نئے وفاقی ایکٹ کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ آئی بی اے کے 1994 کے سندھ ایکٹ میں ترمیم کرکے اسلام آباد کیمپس کی شق شامل کی جائے گی۔اس موقع پر سیکریٹری بورڈز و جامعات عباس بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد کیمپس کے قیام کے لیے ایکٹ میں ضروری ترمیم جلد کردی جائے گی۔اجلاس میں آئی بی اے کے اساتذہ اور ملازمین کے لیے 32 رہائشی فلیٹس کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی تاکہ تدریسی و انتظامی عملے کو رہائش کی بہتر سہولت فراہم کی جاسکے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد کیمپس کے قیام کا مقصد آئی بی اے کے تعلیمی دائرہ کار کو ملک کے دیگر حصوں تک پھیلانا اور بالخصوص وفاقی دارالحکومت اور شمالی علاقوں کے پیشہ ور افراد کو اعلیٰ کاروباری تعلیم اور ایگزیکٹو پروگرامز فراہم کرنا ہے۔ حالیہ برسوں میں آئی بی اے نے اسلام آباد میں ایگزیکٹو ایم بی اے سمیت مختلف ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام بھی متعارف کرائے ہیں۔واضح رہے کہ آئی بی اے کراچی 1994 تک جامعہ کراچی کا حصہ تھا، تاہم اس وقت کے وزیر اعلیٰ سندھ عبداللہ شاہ نے آئی بی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالوہاب کی خواہش پر اسے جامعہ کراچی سے الگ کرکے ایک خودمختار ادارے کا درجہ دیا تھا۔امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ڈاکٹر عبدالوہاب، جنہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کو جامعہ کراچی سے الگ کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، چند ماہ بعد اسی جامعہ کے وائس چانسلر مقرر ہوگئے تھے۔تعلیمی حلقوں میں اس تقرری پر اس وقت خاصی بحث بھی ہوئی تھی کیونکہ ڈاکٹر عبدالوہاب آئی بی اے کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے ادارے کو خودمختار بنانے کے حامی رہے تھے اور 1994 کے آئی بی اے ایکٹ کے ذریعے اسے جامعہ کراچی سے الگ کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ آئی بی اے کے علیحدہ ادارہ بننے کے کچھ ہی عرصے بعد وہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے منصب پر فائز ہوگئے ۔

اہم خبریں سے مزید