کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی جانب سےایران اور لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہا۔
امریکی و اسرائیلی طیاروں نے ایران میں تہران، اصفہان اور دیگر شہروں پر بمباری کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے، جس میں متعدد افراد شہید ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوجی تنصیبات پر ایران اور حزب اللّٰہ کی جانب سے میزائلوں کی بارش، لبنان کے مشرقی وادیٔ بقاع میں لبنانی قصبے نبی شیت پر اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 41 افراد شہید ہو گئے، اقوامِ متحدہ میں ایرانی سفیر کے مطابق ملک میں ہونے والے حملوں میں اب تک کم از کم 1332 شہری شہید ہوچکے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 217 افراد شہید ہوئے ہیں۔
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج میں ایک تیل بردار جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ جہاز، جس کا تجارتی نام ’پرائما‘ ہے، آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت بار بار دیے گئے انتباہات کو نظرانداز کر رہا تھا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے اسرائیلی ڈرون بھی مار گرایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ایران میں 300سے زائد اور لبنان میں 170سے زائد مقامات پر بمباری کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے پاسداران انقلاب کے فضائی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے ۔
ایران کی مجلسِ خبرگان آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ملک کے اگلے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے اجلاس کرنے والی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس باڈی کے رکن حسین مظفر نے کہا کہ "خدا کی مدد سے، یہ اجلاس اگلے 24 گھنٹوں کے اندر منعقد ہوگا۔"
انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس دوران کسی قسم کی قیاس آرائی نہ کریں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔
حزب اللّٰہ نے لبنان کی سرحد کے قریب واقع شمالی اسرائیلی شہر کریات شمونہ کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اس نے میں ایک اسرائیلی فوجی اڈے پر راکٹوں کی بوچھاڑ کی ہے۔