کراچی (افضل ندیم ڈوگر) مشرق وسطی میں جنگ کے باعث کئی ملکوں کی فضائی حدود مسلسل بند اور فلائٹ اپریشن متاثر ہے۔ 8دن میں منسوخ پروازیں 31 ہزار سے تجاوز کرگئیں پاکستان سے بھی 1300 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ایران عراق قطر بحرین اور کویت کے ایئرپورٹ شدید متاثر ہیں، امارات، اسرائیل لبنان کی پروازیں بحالی کی جانب گامزن ہیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق ہفتے کو اٹھویں روز پاکستان سے مشرق وسطی کی 117 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اب تک منسوخ پروازیں 1344 ہوگئی ہیں۔ ہفتے کو کراچی لاہور اسلام اباد ملتان پشاور سیالکوٹ فیصل اباد سے مشرق وسطی کی 42 پروازیں اپریٹ کی گئیں۔ ملتان سے شارجہ کی پرواز جی 9559 روانہ ہوئی تو دبئی ایئرپورٹ پر دھماکے کے باعث پرواز کو واپس ملتان اتار لیا گیا تاہم صورتحال نارمل ہونے پر پرواز روانہ ہوئی ہفتے کو ایران کی 240 عراق 215 کویت 280 بحرین 175 پرواز منسوخ کی گئیں۔ دوحہ میں پھنسے مسافروں کو منزلوں تک پہنچانے کے لیے قطر ایئر ویز نے لندن پیرس میڈرڈ روم فرینکفرٹ بمبئی ڈھاکہ وغیرہ کی 10 پروازیں اپریٹ کیں۔ دبئی ایئرپورٹ کی 1250 پروازوں میں سے 350 اپریٹ جبکہ 900 نان آپریشنل رہیں۔