کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی طویل غیر حاضری پر قیاس آرائیاں تیز، پر اسرار گمشدگی پر سوالات، جنگی حالات میں عوامی سرگرمیاں محدود، کسی بڑے عوامی اجتماع، پریس کانفرنس میں نمایاں دکھائی نہیں دیے۔ سوشل میڈیا پر زخمی یا ہلاکت کی غیر مصدقہ خبریں زیر گردش، اسرائیلی حکومت نے افواہوں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے وزیرِ اعظم کے طویل عرصے تک عوامی سطح پر نظر نہ آنے کے باعث مختلف حلقوں میں قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران وہ کئی دن سے کسی بڑے عوامی اجتماع، پریس کانفرنس یا ویڈیو خطاب میں نمایاں طور پر دکھائی نہیں دیے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے زخمی ہونے، بنکر میں منتقل ہونے یا ہلاکت تک کی غیر مصدقہ خبریں گردش کرنے لگیں۔